خبرنامہ

عالمی ادارہ صحت نے سری لنکا کو ملیریا سے پاک ملک قرار دے دیا

کولمبو:(اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے سری لنکا کو ملیریا سے پاک ملک قرار دے دیا۔ڈبلیو ایچ او نے ملیریا کے خلاف تین سالہ حکومتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا کو ملیریا سے پاک ملک قرار دے دیا جس کے بعد سری لنکا خطے کا دوسرا ملک بن گیا جسے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ملیریا فری سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا جب کہ اس سے قبل مالدیپ کو گزشتہ سال دسمبر میں یہ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا۔ ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر پونم کیتھراپل سنگھ کا کہنا ہے کہ سری لنکا نے ملیریا کے خلاف قابل ستائش اقدامات کئے جو 20ویں صدی کے وسط میں سب سے زیادہ ملیریا سے متاثرہ ملک تھا لیکن اب یہ ملیریا سے پاک ہوچکا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی نے 2012 میں ایک ٹیم بھیجی جس نے ملیریا سے متعلق تمام ریکارڈز جمع کیا جب کہ گزشتہ 3 سال کے دوران عالمی ادارے نے ملیریا سے ہلاکت کا کوئی ایک کیس بھی نہیں دیکھا جس کے بعد سری لنکا کو ملیریا سے پاک کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔ سری لنکا کی انسداد ملیریا مہم کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران ملک بھر میں 180 کیسز سامنے آئے تاہم تمام کیسز بیرون ملک سے آنے والے افراد میں تشخیص کیا گیا تاہم ان تین سال کے دوران ملیریا سے ہلاکت کا کوئی ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ سری لنکا ملیریا سے پاک ملک ہے۔