خبرنامہ

غیر ملکی تنظیم کا بنیادی صحت مرکز پر تعاون

پشاور (ملت + اے پی پی) ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان سے جرمنی سے تعلق رکھنے والی تنظیم کی کنٹری منیجر روبیکا ٹائیکاکی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی ٗ ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کنٹری منیجرروبیکا ٹائیکا نے کہاکہ ضلعی حکومت کی اجازت کے بعد پشاور کے تین بی ایچ یوز میں کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور آزمائشی طور پر تین بی ایچ یوز کی حالت زار بہتر بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے تمام بی ایچ یوز میں ماں بچے کی صحت ‘ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے علاج کیلئے ڈاکٹرز اور سٹاف کو تربیت فراہم کرنے کیلئے جلد کام کا آغاز کردیاجائیگا علاوہ ازیں ان بی ایچ یوز میں الٹرا ساؤنڈ ‘ لیبارٹریز بھی بنائی جائیں گی اور مریضوں کی سہولت کیلئے سٹاف کو الٹراساؤنڈ اور ان بیماریوں کی تشخیص کیلئے لیبارٹری کے استعمال کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی جائیگی ‘اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے غیر سرکاری تنظیم مالسٹر ان اور کنٹری منیجر روبیکاٹائیکا کی کوششوں کو سراہا اور کہاکہ پشاور کے عوام کی سہولت اور انکو بیماریوں سے بچانے کیلئے ضلعی حکومت بھرپور تعاون کرے گی اور وہ تمام امور کی براہ راست نگرانی کرینگے اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں ا ن سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی سے بچاؤ کیلئے غیر سرکاری تنظیم مالسٹر ان کے تعاون سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی ۔