بیجنگ ۔ (ملت آن لائن) چین کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ فولک ایسڈ کا باقاعدہ استعمال ہائی بلڈ پریشر (بلند فشار خون)کے مریضوں کو فالج سے محفوظ رکھتا ہے۔پیکنگ یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی جانب سے کی گئی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتار زندگی، غذائی بے احتیاطی اور ذہنی تناؤ کی وجہ سے دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جو امراض قلب اور فالج کی وجہ بن رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند فشارِ خون کے باعث دنیا بھر میں ہرسال کروڑوں لوگوں کو متاثر کررہے ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہائی بلڈ پریشر کے مریض ایک انتہائی کم خرچ دوا کے استعمال کر کے خود کو فالج سے بہت حد تک دور رکھ سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب فولِک ایسڈ میں پایا جانے والا وٹامِن بی نائن خون میں تیرتے ہوئے ایک مضر جز امائنو ایسڈ ’ہوموسِسٹائن‘ کی مقدار کم کرتا ہے جو فالج کی سب سے بڑی وجہ ہے اس کا مسلسل استعمال فالج کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے تاہم بلڈ پریشر سے متاثرہ افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی روزانہ معمول کی دوا کے ساتھ فولک ایسڈ استعمال کریں تو چار سال کے اندر اندر فالج کا خطرہ 73 سے 75 فیصد تک کم ہو جائے گا۔