خبرنامہ

ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچنے کے لئے دنیا بھر کے لوگ اپنی غذا میں گوشت کا استعمال کم سے کم کریں، تحقیقی رپورٹ

پیرس ۔ (ملت آن لائن) ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچنے کے لئے دنیا بھر کے لوگ اپنی غذا میں گوشت کا استعمال کم سے کم کریں۔ یہ بات طبی جریدے ’’نیچر‘‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہی گئی۔ رپورٹ مرتب کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دنیا کو 2050ء میں 10 ارب انسانوں کے رہنے کے قابل بنانے کے لئے مغربی ممالک کے شہریوں کو اپنی خوراک میں گوشت کے حصے میں 90 فیصد کمی کرنا ہوگی۔ مویشیوں سے خوراک کا حصول ماحول کے لئے نقصان دہ گیسوں کے اخراج کے ساتھ ساتھ جنگلات کی بڑے پیمانے پر تباہی اور آبی وسائل کی بربادی کا باعث ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق رواں صدی کے وسط تک ماحولیات پرغذائی صنعت کے منفی اثرات بڑھ کر 90 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔ آبادی میں تیزی سے اضافہ اس صورتحال کے ساتھ مل کر سخت منفی نتائج پیدا کرے گا اور لوگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا باعث بنے گا۔ سائنسدانوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ماحول دوست خوراک کو بھی اولین ترجیح بنایا جائے اور دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول کے تحفظ کے لئے اپنی خوراک میں گوشت کا استعمال کم سے کم کریں۔