خبرنامہ

ماں کا دودھ شیرخوار بچوں کیلئے انتہائی مفید

ڈبلن (مانیٹرنگ ڈیسک) بچوں کے لئے ماں کے دودھ کے فوائد کی فہرست بہت طویل ہے لیکن آئرلینڈ کے سائنسدانوں نے ایک حالیہ تحقیق کے بعد ایک اہم فائدے کو اس فہرست سے نکال دیا ہے۔
دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کالج ڈبلن کے سائنسدانوں نے 7478 بچوں پر تحقیق کے بعد فیصلہ سنایا ہے کہ بچپن میں ماں کا دودھ پینے والے بچوں کی ذہانت اس دودھ سے محروم رہنے والے بچوں سے بہتر نہیں ہوتی۔ تحقیق کار لیزا کرسٹین جرارڈ نے بتایا کہ جو بچے ماں کے دودھ سے محروم رہتے ہیں ان میں بھی مسائل کو حل کرنے اور زبان سیکھنے کی صلاحیت ماں کا دودھ پینے والوں جیسی ہی ہوتی ہے۔ تحقیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ماں کے دودھ سے محروم رہنے والے بچے تین سال کی عمر میں نسبتاً زیادہ بے چینی کے شکار ہوتے ہیں تاہم پانچ سال کی عمر تک یہ فرق بھی تقریباً ختم ہوجاتا ہے۔

اگرچہ ذہانت کے معاملے میں کوئی فرق نہیں دیکھا گیا، تاہم تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے عمومی صحت، قوت مدافعت اور کئی اقسام کی بیماریوں سے مقابلے کی صلاحیت میں مصنوعی دودھ پینے والے بچوں سے کہیں بہتر ہوتے ہیں ۔