خبرنامہ

مہینے میں صرف 5 دن فاقہ اور وزن………….

کیلفورنیا (ملت مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ طویل عرصے تک اپنا وزن قابو میں رکھنا چاہتے ہیں تو مہینے میں پانچ دن فاقہ کیجئے یا ایسی غذائیں کھائیے جن میں کم سےکم کیلوریز ہوں۔

اندازہ ہے کہ اس طرح تین مہینے تک اس طریقے پر عمل جاری رکھا جائے تو کچھ اور کئے بغیر ہی کم ازکم پانچ پونڈ وزن کم کرنے میں کامیابی مل سکتی ہے یعنی ایک سال میں 20 پونڈ تک وزن کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہوگا کہ وزن گھٹنے کے ساتھ ساتھ بدن میں جلن اور سوزش کم ہوگی جو موٹاپے، کینسر اور دل کے امراض کی وجہ بنتی ہے۔ اس عادت سے شوگر اور بلڈ پریشر کنٹرول میں رہیں گے جبکہ مضر کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کی مقدار بھی نہیں بڑھے گی۔

یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور دیگر کئی اداروں نے مل کر یہ تحقیق کی ہے جس میں 100 افراد بھرتی کئے گئے جو بہت موٹے تو نہیں تھے لیکن ان کا وزن بڑھا ہوا تھا۔ ان میں سے 70 افراد نے چھ ماہ تک ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر ماہ تین ہفتے تک معمول کا کھانا کھایا اور بقیہ دن خاص خوراک کھائی جس میں 750 سے 1100 کیلوریز تھیں ( یہ خوراک فاقے کے برابر تھی)۔ اس کے علاوہ بقیہ رضاکاروں نے کو تین ماہ بعد اسی دائرے میں شامل کیا گیا۔ ان میں سے پانچ دن یا سات دن خاص غذا کھانے والے افراد کا وزن پانچ پونڈ تک کم ہوا اور ان کا بلڈ پریشر اور کولیسٹرول بھی معمول پر رہے۔

ماہرین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ہفتے میں پانچ روز کم کیلیوریز کھانے والوں کے بدن میں چکنائی کم ہوئی اور اندرونی سوزش میں بھی کمی واقع ہوئی۔

ماہرین نے کہا ہے کہ کم کیلوریز والے کھانے میں سبزیوں کا سوپ، انرجی بارز، سبز چائے، بادام، شہد، اخروٹ، سمندری نمک، ناریل اور دیگر اشیا کھائی جاسکتی ہیں جبکہ ان پانچ دنوں میں گوشت، دودھ سے بنی اشیا اور پروسیسڈ غذا کا استعمال منع ہے۔