خبرنامہ

میڈیکل تحقیق کیلیے سانس لینے اورخون بہانے والا انسانی ماڈل تیار

ناٹنگھم، برطانیہ:(ملت+اے پی پی) ماہرین نے طبی تحقیق کے لیے ایک ایسا ماڈل تیار کیا ہے جو نہ صرف ہو بہو انسان جیسا ہے بلکہ سانس لیتا ہے اور اس میں سے خون بھی رِستا ہے جب کہ اندر انسانی اعضا کی طرز پر بنائے گئے دل ، گردے، جگر اور پھیپھڑے موجود ہیں۔ ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی کے سائنسدان نے یہ ماڈل بنایا ہے جس میں حقیقت کا روپ دینے کے لیے پلاسٹک ریشوں، سلیکون جیل اور دیگر مٹیریلز استعمال کیے گئے ہیں۔ جسم کو اندر سے دیکھنے کے لیے سینے کے اوپر سے جلد ہٹانے پر سرخ رنگ کی پسلیوں کا پنجر دکھائی دیتا ہے جس کےنیچے اہم جسمانی اعضا ہوبہو انسانی نقل پر بنائے گئے ہیں۔ اس کا مقصد نئے سرجنوں کی تربیت کرنا ہے تاکہ وہ جسم کا اندرونی نظام اچھی طرح سمجھ سکیں۔ پھیپھڑے ہوں یا دل، ان تمام اعضا کو سی ٹی اسکین کی مدد سے بنایا گیا جو ہوبہو اصلی دکھائی دیتے ہیں۔ سرجری کرنے والے مریض کو سانس پہنچاسکتے ہیں اور مصنوعی خون داخل کرسکتے ہیں۔ یوں پھیپھڑوں کو پھیلتے اور سکڑتے ہوئے نوٹ کیا جاسکتا ہے۔ اسے بنانے کا مقصد یہ ہےکہ نئے ڈاکٹر اور میڈیکل طلبا و طالبات اکثر انسانی لاش کو دیکھ کر اکتاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں تاہم انسانی ماڈل ان کو پریشان نہیں کرے گا اور وہ مطمئین ہوکر اسے دیکھ سکیں گےاور سرجری کرسکیں گے۔ اس ماڈل کو رائل سینٹر فار ڈیفینس میڈیشن اور کوئن میڈیکل سینٹر کے تعاون سے بنایا گیا ہے- ماڈل مریض میں خون کی رگیں بھی شامل کی گئی ہیں لیکن حقیقی انسانوں سے کم ہیں تاہم یہ ماڈل ملٹری سرجن کو فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس میں گردے ، پتے اور دیگر اعضا اپنی باریکیوں کے ساتھ موجود ہیں۔