اسلام آباد ۔ 11 نومبر (ملت + اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمونیا کے انسداد اوربیماری سے آگاہی کا عالمی دن آج (ہفتہ کو) شہریوں کو نمونیا کے مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات کویقینی بنانے کے عزم کے ساتھ منایا جائیگا ۔ اس دن کے حوالے سے مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف سیمینارز، مباحثے، آگاہی پروگرامز اور واکس کا اہتمام بھی کیا جائے گا جبکہ میڈیا کے ذریعے بھی لوگوں میں نمونیا سے بچاؤ کے بارے میں شعور اجاگرکیا جائے گا۔ لوگوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ آگاہی پروگراموں اور رضاکارانہ خدمات کے ساتھ معاشرے کو نمونیا سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ واضح رہے کہ نمونیا نظام تنفس کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے پھیپھڑے متاثر ہوتے ہیں اور سانس لینے میں دشواری آتی ہے جو مریض کے لئے نقصان دہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او اور یونیسف نے نمونیا اوراسہال کے امراض سے نمٹنے کے لئے عالمی لائحہ عمل تیار کیا ہے اورا س بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ نمونیا کے مریضوں بالخصوص بچوں کے علاج معالجہ کے لئے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔