خبرنامہ

نہار منہ لیمن جوس پیئیں

کراچی (ملت مانیٹرنگ ڈسیک) اگر آپ روزانہ صبح ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس نچوڑ کر پینے کی عادت ڈال لیں تو اس سے آپ کی صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب ہوں گے۔

اچھی صحت کے لیے یہ تدبیر صدیوں پرانی اور آزمودہ ہے جس کی افادیت کے جدید طبی ماہرین بھی قائل ہوگئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ لیموں کے رس میں وٹامن بی، وٹامن سی، پوٹاشیم اور کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ صحت بخش روغنیات بھی شامل ہوتے ہیں جب کہ لیموں کا رس ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے۔

نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر روزانہ نہار منہ پینے کے چند فوائد حسبِ ذیل ہیں:

تیزابیت کا خاتمہ: معدے کی جلن یا تیزابیت ختم کرنے میں لیموں کا رس اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے اور نہار منہ نیم گرم پانی کے ساتھ اس کی افادیت مزید دوچند ہوجاتی ہے۔

سردی اور زکام: لیموں کے رس میں وٹامن سی وافر موجود ہوتا ہے جو قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے جب کہ اس میں جراثیم کش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے زکام اور سردی کے علاج میں بھی نیم گرم پانی کے ساتھ لیموں کے رس کا استعمال بے حد فائدہ مند رہتا ہے۔

بیماریوں سے بہتر بچاؤ: لیموں پانی کا روزانہ استعمال ہمارے جسم کے لمفی افعال (لمفیٹک فنکشنز) کو بہتر بناتا ہے، یعنی یہ ہمارے جسم میں بیماریوں کے خلاف لڑنے والے قدرتی دفاعی نظام (امیون سسٹم) کو زیادہ مضبوط اور اس قابل بناتا ہے کہ وہ بیماری پیدا کرنے والے جرثوموں، وائرسوں اور مادّوں کو پہچان کر تیزی سے ان کا قلع قمع کرسکے۔

ورزش کے بعد پٹھوں میں درد سے نجات: بعض اوقات ورزش کے بعد پٹھوں میں درد ہونے لگتا ہے لیکن نہار منہ نیم گرم لیموں پانی پینے سے یہ درد بھی ختم ہوجاتا ہے۔

مثانے کی تکلیف: نہار منہ نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر پینے کے علاوہ اگر آپ کھانے کے ساتھ بھی لیموں پانی پیتے رہیں تو مثانے کی تکلیف کسی دوا کے بغیر ہی ختم ہوجائے گی۔

گردے کی پتھری: لیموں کے رس میں شامل پوٹاشیم گردے کی پتھری بننے سے روکتا ہے اور اس کے اجزاء کو سٹرک ایسڈ میں حل کرکے پیشاب کے راستے جسم سے نکال باہر کردیتا ہے۔

صحت مند ناخن: نیم گرم لیموں پانی کے روزانہ صبح سویرے استعمال سے نہ صرف ناخنوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے اور وہ سیدھے بڑھتے ہیں بلکہ ناخنوں کی جڑوں میں موجود سفید نشانات بھی کم ہوجاتے ہیں۔

غذائی امراض سے تحفظ: دورانِ سفر لیموں پانی کا استعمال ہمیں غذا سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

ہڈیوں اور جوڑوں کی اینٹھن: پٹھوں کی طرح جوڑوں اور ہڈیوں پر بھی لیموں پانی کے مفید اثرات پڑتے ہیں کیونکہ اس میں شامل معدنیات ہڈیوں میں مضبوطی کے ساتھ ساتھ جوڑوں پر حرکت میں سہولت پیدا کرتی ہیں۔

کیلوں اور جھائیوں کا علاج: جلد کی اندرونی چکنائی اور تیزابیت کی وجہ سے کھال پر کیلیں اور جھائیاں نمودار ہوجاتی ہیں جنہیں ختم کرنے کے لیے جلد پر لیموں رگڑنے کا گھریلو ٹوٹکا بہت عام ہے۔ البتہ اگر اسی کے ساتھ نیم گرم لیموں پانی پینے کا معمول برقرار رکھا جائے تو اس ٹوٹکے کی ضرورت بھی بہت کم رہ جاتی ہے۔

شوگر میں بھی مفید: دوسرے رس دار پھلوں کی طرح لیموں میں بھی ’’پیکٹن‘‘ نامی ایک مادّہ پایا جاتا ہے جو بھوک کے احساس کو قابو میں رکھتا ہے جب کہ دوسری طرف لیموں پانی کا استعمال ہاضمے کو بہتر بنانے کے علاوہ پتّے سے صفراوی رس (بائل جوس) کے اخراج میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ اس طرح نہ صرف جسم میں چکنائی جمع ہونے نہیں پاتی بلکہ خون میں شکر کی مقدار بھی کنٹرول میں رہتی ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کےلیے نیک شگون ہے۔

گٹھیا، جوڑوں میں سوجن اور درد: لیموں پانی کے استعمال سے جوڑوں پر یورک ایسڈ جمع ہونے کی شرح کم ہوجاتی ہے جس کا براہِ راست فائدہ اُن لوگوں کو ہوتا ہے جن کے جوڑوں میں تکلیف رہتی ہے یا پھر وہ گٹھیا کے مریض ہوں۔