خبرنامہ

نیند سے پہلے ان عادات کو اپنانا صحت کے لیے فائدہ مند

دیوار پر لگی گھڑی کی طرح ہمارے جسم کے اندر موجود خلیات کی بھی اپنی 24 گھنٹے کی ٹائم لائن ہوتی ہے، اگر وہ ایک ترتیب میں ہو تو ہماری جسمانی گھڑی ذہنی اور جسمانی امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اور ہماری نیند کا اس حوالے سے بہت اہم کردار ہوتا ہے جو جسمانی گھڑی کو فعال رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

مگر صرف ایک رات کی خراب نیند مختلف امراض کا خطرہ بڑھانے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔

تاہم سونے سے قبل چند عام عادات کو معمول بنالینا اچھی نیند، جسمانی وزن میں کمی اور فٹنس کے حصول میں مدد دیتا ہے۔

دانتوں کی صفائی

صبح تو دانتوں پر برش کرنا ہی چاہئے مگر سونے سے قبل بھی یہ کام ضروری ہے کیونکہ دن بھر کے دوران غذا کے ذرات دانتوں میں پھنسے رہتے ہیں۔ رات کو سونے سے قبل برش کرلینا پلاک، کیویٹیز اور مسوڑوں کے امراض سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

رات گئے ہلکا پھلکا کھانے سے گریز

گزشتہ سال میکسیکو یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ رات گئے یا سونے سے قبل منہ چلانے کی عادت امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بہت زیادہ بڑھا دیتی ہے۔ رات گئے کھانے سے جسمانی گھڑی کا نظام متاثر ہوتا ہے اور جب یہ سائیکل ٹوٹتا ہے تو خون میں چربی کی سطح بڑھنے لگتی ہے جس سے دل کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اس سے قبل بھی طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ یہ عادت جلد کو بھی متاثر کرتی ہے۔

سونے سے قبل منہ دھونا نہ بھولیں

ویسے تو یہ اصول سب پر لاگو ہوتا ہے مگر ایسی خواتین جو روزانہ میک اپ کا استعمال کرتی ہیں، ان کے لیے لازمی ہے کہ سونے سے قبل میک اپ اتار کر منہ ضرور دھوئیں۔ میک اپ کے ساتھ ہونا جلد کو نقصان پہنچاتا ہے جبکہ اس سے جلد کا اپنی مرمت کا قدرتی عمل متاثر ہوتا ہے۔

سونے سے قبل گرم مشروبات سے پرہیز

کولوراڈو یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ رات کو سونے سے قبل کیفین کو جسم کا حصہ بنانا اندرونی جسمانی گھڑی کے نظام کو متاثر کرتا ہے اور اسے سمجھ نہیں آتا کہ کس وقت سونا ہے اور کس وقت اٹھنا ہے۔

سونے کا مخصوص وقت

یہ عادت جسم کو شیڈول کے مطابق رہنے کی تربیت دیتی ہے۔ رات کو سونے کے دوران جسم اپنی مرمت کرتا ہے، مگر نیند کا کوئی خاص وقت نہ ہونا اس عمل کو متاثر کتا ہے۔ تو سونے کا ایک وقت طے کرلیں اور اس کے مطابق بستر پر جائیں۔

مراقبہ یا یوگا

سونے سے قبل ورزش کرنا ٹھیک نہیں ہوتا بلکہ صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے، مگر مراقبہ یا آسان یوگا آسن جلد سونے میں مدد دیتے ہیں۔

درست غذا کا انتخاب

غذائیں جیسے بادام، ہلدی ملا دودھ، اخروٹ، چیری جوس وغیرہ خواب آور خصوصیات رکھتی ہیں۔ سونے سے چند گھنٹے پہلے ان کا استعمال معیاری نیند کے حصول میں مدد دیتا ہے۔

سکون کے چند لمحے

چاہے آپ کا دن بہت زیادہ تناﺅ میں کیوں نہ گزرا ہو، اچھی نیند اسی وقت ممکن ہے جب آپ بستر پر لیٹنے سے قبل ذہنی طور پر پرسکون ہوں۔ ایک یا 2 گھنٹے ایسے مشاغل میں گزاریں جو آپ کو پسند ہوں، جیسا مطالعہ، ٹی وی یا فلم دیکھنا وغیرہ۔