خبرنامہ

نیند کی کمی سے ذیابطیس، بلند فشار خون، دل کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں، ماہرین صحت

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکی ماہرین صحت کاکہنا ہے کہ نیند کی کمی سے ذیابطیس، بلند فشار خون، دل کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عالمی سطح پر نیند نہ آنے کی بڑی وجہ سماجی سطح پر پیش آنے والے مصائب اور مشکلات ہیں۔ماہرین کا کہناہے کہ نیند کی کمی کی وجہ سے صحت کمزور ہو جاتی ہے۔ نوجوانوں کی نسبت، ادھیڑ عمر کے لوگوں کی نیند طبی طور پر تجویز کردہ نیند سے کم ہوتی ہے۔ماہرین کا کہناہے کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اچھی صحت کے لئے اچھی نیند کا ہو نا بہت ضروری ہے کیونکہ نیند انسان کی یادداشت پر بھی اثرات مرتب کرتی ہے۔اگر نیند مکمل اور اچھی ہو تو صحت کے ساتھ ساتھ روز مرہ کی زندگی میں بھی مثبت تبدیلی آتی ہے۔ نیند پر حالیہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اوسطاً ایک بالغ شخص کو سات سے نو گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے تاہم روزانہ کی بنیاد پر خواتین مردوں سے آدھ گھنٹہ زیادہ سوتی ہیں جن کی عمر 30 سال سے کم ہوتی ہے۔