خبرنامہ

ورزش کرنے سے نفسیاتی عارضے کم ہو جاتے ہیں،سائنسدان

جنیوا ۔09 نومبر (ملت + اے پی پی) عالمی ادارہ صحت کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ورزش کرنے سے نفسیاتی عارضے کم ہو جاتے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہفتے میں تین مرتبہ ورزش کرنے سے ڈپریشن کے عارضہ میں 16 فیصد کمی آ جاتی ہے جبکہ ہفتہ وار ہر اضافی جسمانی ورزش اس بیماری کے امکانات میں مزید کمی کا سبب بنتی ہے، پابندی سے کی جانے والی ورزش ڈپریشن کے ممکنہ مریضوں میں ایک ہی وقت میں جسمانی اور ذہنی دونوں طرح کی صحت کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ فارغ اوقات میں تسلسل کے ساتھ کی جانے والی جسمانی ورزش ڈپریشن سے بچاؤ کا ایک موثر ذریعہ ہے، بیس سے چالیس سال کی درمیانی عمر کے ایسے افراد، جنہوں نے پہلے کبھی جسمانی ورزش نہ کی ہو، جب پابندی سے ورزش اور سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کر دیں تو ان میں ڈپریشن کی بیماری میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن دنیا بھر میں پائے جانے والے ذہنی عارضوں میں سب سے عام بیماری ہے اور دنیا بھر میں 35 کروڑ افراد اس کا شکار ہیں۔