برگر کھانے کا شوق خواتین کو چھاتی کے سرطان یا بریسٹ کینسر کا شکار بنا سکتا ہے۔
یہ بات ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
پراسیس گوشت کو کافی عرصے سے مختلف اقسام کے کینسر جیسے لبلبے، مثانے اور آنتوں کے سرطان سے جوڑا جاتا رہا ہے مگر اس نئی تحقیق میں پہلی بار ثابت ہوا ہے کہ اس غذا کے استعمال اور چھاتی میں رسولی کے درمیان تعلق موجود ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جو خواتین زیادہ فاسٹ فوڈ یعنی پراسیس گوشت کھاتی ہیں، ان میں بریسٹ کینسر کا خطرہ 9 فیصد زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بازار میں دستیاب عام سرخ گوشت جیسے گائے یا بکرے کا گوشت ویسے کھانے سے یہ خطرہ نہیں بڑھتا۔
اس نئی تحقیق میں ماہرین نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اس جان لیوا کینسر سے بچنا چاہتی ہیں تو فاسٹ فوڈ سے منہ موڑ لیں۔
ویسے تو اس کینسر کے خطرے میں 9 فیصد اضافہ کچھ زیادہ محسوس نہیں ہوتا مگر محققین کا کہنا تھا کہ معمولی سا اضافہ بھی اس مرض کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 28 پرانی تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے دریافت کیا گیا کہ زیادہ جنک فوڈ کا استعمال بریسٹ کینسر کا شکار بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ ماضی کی رپورٹس میں پراسیس گوشت کو زیادہ کھانے سے مختلف اقسام کے کینسر کے خطرے میں اضافے کو دریافت کیا گیا، حالیہ نتائج سے معلوم ہوا کہ خواتین میں اس غذا کا استعمال بریسٹ کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پراسیس گوشت کا استعمال ترک کردینا خواتین کو بریسٹ کینسر جیسے مرض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع ہوئے۔
خیال رہے کہ خواتین میں ہلاکتوں کی دوسری سب سے بڑی وجہ چھاتی کا سرطان ہی ہے کیونکہ ہر 9 میں سے ایک خاتون میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ ہوتا ہے۔