جسم میں پانی کی مناسب مقدار کی موجودگی نظام ہاضمہ کی صحت کے لیے لازمی ہے۔
جب نظام ہاضمہ میں مناسب مقدار میں پانی موجود نہیں ہوگا تو ہماری آنتوں کے افعال سست ہوجائیں گے جس کے نتیجے میں فضلہ سخت ہوگا اور اخراج مشکل ہوگا۔
آسان الفاظ میں دائمی قبض کے شکار ہوجائیں گے۔
ہوسکتا ہے کہ آپ کہیں کہ مناسب مقدار میں پانی پینے کی اہمیت سے واقف ہیں مگر پانی کا ذائقہ آپ کو اس سے دور رکھتا ہے؟
اگر ہاں تو کچن میں موجود چند چیزوں کو پانی میں شامل کرکے آپ پینے کے پانی کو مزید بیزارکن نہیں رہنے دیں گے۔
پانی میں ان اجزاءکا اضافہ فروٹ جوس سے زیادہ بہتر آپشن ہے جو کہ نظام ہاضمہ کے لیے کچھ زیادہ بہتر نہیں کیونکہ اس میں شکر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
مثال کے طور پر ایک گلاس اورنج جوس 9 کھانے کے چمچ شکر کے ساتھ ہوتا ہے جو کہ ایک بالغ شخص کی روزانہ درکار مقدار کا زیادہ سے زیادہ حصہ ہے۔
لیموں
پانی میں لیموں کا اضافہ فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ ہاضمے میں مدد دینے والے انزائمے بننے میں مدد دیتا ہے، اس مقصد کے لیے لیموں کو پانی میں نچوڑ دیں یا پتلے ٹکڑوں میں کاٹ کر پانی میں ڈال دیں۔
سیب کا سرکہ
2 یا 3 کھانے کے چمچ سیب کے سرکے کو پانی میں شامل کرکے پینا جسم سے زہریلے مواد کے اخراج، ہاضمہ بہتر کرنے اور میٹابولزم کو تیز کرتا ہے۔
پودینے کے پتے
پانی میں پودینے کے چند پتوں کا اضافہ بائل کی روانی کو بہتر کرکے پتے کے افعال کو بہترین بناتا ہے۔ یہ پتے ایسے انزائمے بھی فراہم کرتے ہیں جو کہ جسم کو غذا میں موجود وٹامنز اور غذائی اجزاءجذب کرنے میں مدد دیتے ہیں، پودینہ بدہضمی سے ریلیف کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
کھیرے
کھیرے فائبر اور پانی سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ نظام ہاضمہ کو مدد فراہم کرنے کے ساتھ آنتوں کے افعال کو صحت مند بناتے ہیں۔ کھیرے کا ایک ٹکڑا پانی میں شامل کرکے آپ یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
دار چینی
دار چینی کی ایک اسٹک کو پانی میں شامل کرکے پینا ہاضمہ بہتر کرتا ہے جبکہ بیکٹریا کو مار کر پیٹ کے مختلف امراض سے بھی ریلی فراہم کرتا ہے۔
ادرک
گیس، پیٹ پھولنے یا بدہضمی کے شکار ہیں؟ تو ادرک کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر رات بھر کے لیے پانی میں بھگو دیں اور نہار منہ پی لیں۔