فیصل آباد (ملت + اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امراض گردہ کا عالمی دن 4مارچ بروز ہفتہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائیگا۔ اس موقع پر محکمہ صحت پنجاب ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، قومی ادارہ برائے امراض گردہ ، پاکستان سوسائٹی آف نیفرالوجی ، اسلامک میڈیکل سوسائٹی اور شعبہ طب سے متعلقہ دیگر تنظیموں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور ضلعی صدر مقامات پر خصوصی تقریبات ، واکس ، سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں کا انعقاد کیا جائیگا جس سے ملک کے نامور نیفرالوجسٹس ، ماہرین امراض گردہ اور پروفیسر ڈاکٹرز خطاب کریں گے۔ اس موقع پروطن عزیز میں گردوں کے بڑھتے ہوئے امراض کی وجوہات ، ابتدائی علامات ، تشخیص ، علاج ، پرہیز ، تدارکی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی۔ عالمی دن برائے امراض گردہ کے موقع پر عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین شائع کیے جائیں گے۔