کراچی:(اے پی پی) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے منسلک ڈاکٹر مسعود جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ موٹاپے کے حوالے سے پاکستان دنیا میں نویں نمبر پر آگیا ہے۔ جامعہ کراچی کے پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) میں موٹاپے سے متعلق ایک عوامی آگاہی سیمینار سے خطاب کے دوران ڈاکٹر مسعود جاوید نے کہا کہ موٹاپا دنیا کی تیزی سے پھیلتی ہوئی بیماریوں میں سے ایک ہے اور اس وقت دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب 70کروڑ افراد موٹے یا پھر زائد الوزن ہیں، پاکستان دنیا بھر میں موٹاپے کا شکار افراد کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا ہے۔ ڈاکٹر مسعود جاوید نے واضح کیا کہ موٹاپا صحت سے متعلق کئی مسائل کی وجہ بنتا ہے جن میں ذیابیطس، دل کی بیماریاں، ہائی بلڈ پریشر اور ہاضمے کے مسائل شامل ہیں۔ زائد وزنی اور موٹاپے کے اسباب جینیاتی یعنی والدین سے وراثت میں ملنے والے بھی ہوسکتے ہیں جب کہ خوش خوراکی، کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا، بار بار کھانے اور جسمانی مشقت سے گریز اس کی دیگر وجوہ ہوسکتی ہیں۔ اس موقع پر پاکستانیوں کےلئے انگریزی میں بنائے گئے ’’فائٹ اوبیسیٹی ڈاٹ انفو‘‘ (FightObesity.org) نامی ویب پورٹل کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور حاضرین کو بتایا گیا کہ اس کا مقصد موٹاپے/ زائد وزنی میں مبتلا پاکستانی مریضوں کی مدد اور رہنمائی کرنا، ان میں صحت مندانہ طرزِ حیات کی اہمیت اجاگر کرنا اور ان میں موٹاپے سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔