خبرنامہ

پاکستان میں کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح باعث تشویش ہے: احسن اقبال

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر ترقی‘ منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح باعث تشویش ہے‘ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کینسر کا علاج معالجہ کی سستی سہولیات فراہم کرے۔ یہ بات انہوں نے پمز ہسپتال میں بریسٹ کینسر سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پمز ہسپتال کی طرح کشمیر‘ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں بھی اس قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء میں پاکستان میں خواتین میں بریسٹ کینسر کی شرح سب سے زیادہ ہے جو کہ افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پمز ہسپتال میں قائم کئے جانے والے سینٹر میں لوگوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولیات مہیاء ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں استعمال ہونے والی مشینری کا شمار بھی بہترین مشینری میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے بجٹ دیا جائے گا ویسا کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیورو سائنسز، ڈینٹل پروجیکٹ‘ لیور ٹرانسپلاٹ کی سہولیات کی فراہمی میں معاونت فراہم کی ہے انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں قائم کئے جانے والا سینٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر ہے جہاں کینسر کے مریضوں کا بہترین علاج کیا جائے گا، کینسر کی روک تھام کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔