خبرنامہ

پاکستان پولیوسے پاک ملک بن جائے گا، اقوام متحدہ

اسلام آباد:
پولیو وائرس دماغ اورریڑھ کی ہڈی کی اندرونی بافتوں پرحملہ آور ہوتا ہے جس کی وجہ سے پٹھے کمزور ہونے لگتے ہیں اور اس کے نتائج معذوری کی صورت میں سامنے آتے ہیں لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان رواں سال کے آخر تک پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں اقوام متحدہ کی نمائندہ اینجیلا کرنے کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اوربین الاقوامی تنظیم کی کوششوں کے باعث پاکستان رواں سال کے آخرتک پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔

اقوام متحدہ کی نمائندہ کا کہنا ہے کہ 2014 میں 5 لاکھ بچوں کوپولیو کے قطرے نہیں پلائے جاسکے تھے تاہم اب اس تعداد میں خاظر خواہ کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 309 پولیو کے کیس موجود تھے جو اس سال محض 17 رہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پولیو کیسز کی تعداد میں کم ازکم 85 فیصد کمی ہونے کے بعد یونیسیف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اگراسی طرح مثبت پیش رفت ہوئی تو ملک کو پولیو سے پاک ملک قراردیا جا سکتا ہے۔