اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) ملک میں عوامی صحت سے متعلق کیے گئے ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی 52 فیصد آبادی ہائپر ٹینشن یعنی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے جس کا بڑا حصہ صوبہ پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھتا ہے۔ سروے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا 42.2 فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ انہیں یہ عارضہ لاحق ہے اور وہ اسے عام دردِ سر سمجھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف 10 فیصد پاکستانی ایسے ہیں جنہیں یہ تو معلوم ہے کہ انہیں ہائی بلڈ پریشر ہے لیکن ان میں سے بھی 42 فیصد کوئی دوا نہیں لیتے۔ سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مختلف بیماریوں کے اسباب میں تمباکو نوشی کا کردار 20 فیصد ہے جب کہ 46 فیصد کی وجہ کسی قسم کی جسمانی ورزش نہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں اسی سروے میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 8 ہزار بچے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ہائپر ٹینشن/ ہائی بلڈ پریشر کو دل کی بیماریوں سمیت درجنوں امراض کی جڑ قرار دیا جاتا ہے۔