خبرنامہ

پھٹے ہونٹوں کو نرم ملائم اورترو تازہ بنانے کے آسان طریقے

کراچی:(ملت آن لائن) چہرے کی جلد جسم کی باقی جلد سے کئی گنا زیادہ حساس اور نرم ہوتی ہے جب کہ ہونٹ چہرے کی جلد سے 10 گنا زیادہ پتلے، حساس اور نرم ہوتے ہیں، اسی حساسیت کی وجہ سے موسم کا اثرسب سے پہلے ہونٹوں پر پڑتا ہے اوران پر پپڑی جم جاتی ہے۔ خاص طور پر سردیوں کے موسم میں ہونٹ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور انہیں اپنی اصلی حالت میں برقرار رکھنا نہایت مشکل ہوتاہے، خواتین سردیوں میں ہونٹوں کو نرم ملائم رکھنے کے لیے مختلف طریقے آزمانے کے ساتھ بازار میں فروخت ہونےوالی سستی اور غیر معیاری لپ بام استعمال کرتی ہیں جو کچھ دیر توکام کرتی ہیں پھر ان کا اثر ختم ہوجاتا ہے اور غیر معیاری پروڈکٹس استعمال کرنے کی وجہ سے ہونٹوں کا قدرتی گلابی رنگ بھی کالے یا بھورے رنگ میں تبدیل ہوجاتاہے جس کی وجہ سے ہونٹ نہایت بدنما لگتے ہیں۔
یہاں ہونٹوں کو قدرتی طور پر نرم، ملائم رکھنے اور ان کا رنگ گلابی کرنے کے چند طریقے پیش کیے جارہے ہیں۔
لپ بام خریدتے وقت ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ معیاری ہونے کے ساتھ وٹامن سی سے بھرپورہو، اس کے علاوہ لپ بام میں سورج کی شعاعوں سے محفوظ رکھنے والے اجزا بھی شامل ہوں کیونکہ سورج کی تیز شعاعیں سب سے پہلے ہونٹوں کو متاثر کرتی ہیں جن سے ان کا رنگ کالا ہوجاتا ہے۔ہونٹوں کو قدرتی طور پر دلکش اور گلابی بنانے کے لیے دودھ کی بالائی سے زیادہ موثراور کوئی چیز نہیں، بالائی دیر تک ہونٹوں کو خشک موسم سے بچائے رکھتی ہے اور ہونٹوں کاقدرتی گلابی رنگ بحال کرنے میں بھی اہم کردار اداکرتی ہے، وہ لوگ جن کے ہونٹوں کا رنگ قدرتی طور پر سیاہی مائل یا بھورا ہوانہیں چاہئے کہ بالائی کا استعمال باقاعدگی سے کریں۔ہونٹوں پر پپڑی جمنے کی ایک اہم وجہ خشک ہوا میں سونا ہے، سرد اور خشک موسم میں ہونٹوں پر لپ بام یا بالائی لگائے بغیر سونے کے بہت بھیانک نتائج سامنے آتے ہیں، کیونکہ ہونٹ جب خشک ہوتے ہیں تو ہوا میں موجود بیکٹریا ان ہر حملہ کردیتے ہیں جس کی وجہ سے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں ،لہٰذا سونے سے قبل ہونٹوں پر بالائی، معیاری لپ بام اورموئسچرائزر لگائیں تاکہ بیکٹریا حملہ نہ کرسکیں۔ہونٹ جب خشک ہوتے ہیں تو کچھ لوگ ان پر بار بار زبان پھیر تے ہیں، یہ طریقہ غلط اور ہونٹوں کے لیے انتہائی مضر ہے، کیونکہ بار بارزبان پھیرنے سے ہونٹوں کا رنگ کالا ہوجاتا ہے، لہٰذا کوشش کریں کہ خشک موسم میں ہونٹوں کو ہمیشہ موئسچرائزرکھیں اور زبان پھیرنے والی عادت کو ترک کردیں۔ہونٹوں پر کاٹن یا روئی استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان میں موجود بیکٹریا ہونٹوں پر انفیکشن کرسکتےہیں، اس کے علاوہ اگر آپ کے ہونٹ پھٹے ہوئے ہوں اور ان سے خون رس رہاہوتو اس صورت میں لپ اسٹک یا لپ گلوس نہ لگائیں، کیونکہ یہ دونوں چیزیں مزید انفیکشن کا باعث بن سکتی ہیں۔