خبرنامہ

چکوترا امراض قلب و دیگر بڑے امراض کیلئے مفید

اسلام آباد (ملت + اے پی پی)امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چکوترا ( گریپ فروٹ) امراض قلب، گردوں کی پتھری اورکینسر سمیت کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتاہے۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ( ایف ڈی اے ) کے ماہرین صحت کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چکوترا صحت بخش فروٹ ہے ا ور اس میں صرف 60 کیلوریز پائی جاتی ہیں روزانہ آدھا چکوترا کھانے سے ایک شخص کی دن بھر کی کی وٹامن سی کی نصف سے زائد ضروریات پوری ہو جاتی ہیں اس کے علاوہ یہ فائبر، وٹامن اے اور سی، پوٹاشیئم ، اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں91 فیصد پانی ہوتا ہے جو پیاس کو کم کرکے جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گریپ فروٹ میں موجود فلیوینوئڈز اینٹی آکسیڈنٹس فالج (اسٹروک) کو روکنے میں مددگارثابت ہوتے ہیں جبکہ اس میں پائے جانے والا پوٹاشیئم بلڈ پریشر بڑھنے سے روکتا ہے۔گریپ فروٹ میں موجود سٹرک ایسڈ گردوں میں ہونے والی تکلیف دہ پتھری کو روکتا ہے اور چھوٹی پھتریوں کو گھلانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔چکوترے میں موجود فولک ایسڈ کینسر کو روکنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ چکوترا میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے اور یہ آنکھوں میں موتیا بننے سے روکتی ہے۔ماہرین نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گریپ فروٹ صحت کے خزانوں سے مالامال ہے لیکن اگر کوئی شخص بلڈ پریشر کی بعض دوائیں، ڈپریشن کی گولیاں اور اعضا کی پیوندکاری کے بعد جسمانی طور پر رد کرنے کے عمل کے خلاف کوئی دوا کھارہا ہے تو وہ گریپ فروٹ نہ کھائیں کیونکہ اس سے گردوں اور جگر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔