خبرنامہ

چھلکوں سے سبزیاں کھائیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی صحت کے لیے سبزیوں کی افادیت بہت زیادہ ہے لیکن عموماً ان کا چھلکا استعمال نہیں کیا جاتا، البتہ اب ایک غذائی ماہر نے سبزیوں کے چھلکے کے ایسے فوائد بتا دیئے ہیں کہ آئندہ آپ اسے کبھی ضائع نہیں کریں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کی غذائی ماہر میری جین ڈیٹرائیر کا کہنا ہے کہ ”سبزیوں کے چھلکے میں بے بہا فائبر، وٹامنز اور دیگر غذائی اجزاءہوتے ہیں۔بسا اوقات چھلکوں میں غذائی اجزاءکی مقدار باقی سبزی کی نسبت کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ انہیں اتار کر ہم سبزیوں کے سب سے زیادہ صحت بخش حصے کو ضائع کر رہے ہوتے ہیں۔“

وہ چیزیں جنہیں فریج میں ہرگز نہیں رکھنا چاہیے کیونکہ۔۔۔ماہرین صحت نے شاندار مشورہ دیدیا
میری جین نے مزید بتایا کہ ”خاص طور پر جن سبزیوں کے چھلکے رنگین ہوں ان میں غذائی اجزاءکی بہتات ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر کھیرے کے چھلکے میں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن Kاتنے زیادہ پائے جاتے ہیں جتنے باقی کھیرے میں نہیں ہوتے۔ آلو کے چھلکے میں آئرن، کیلشیئم، پوٹاشیم، میگنیشیم، وٹامن بی 6اور وٹامن سی اس کے باقی حصے کی نسبت بہت زیادہ پائے جاتے ہیں۔سبزیوں کے چھلکوں میں پائے جانے والی اینٹی آکسیڈنٹس ’فری ریڈیکلز‘ کے خلاف کام کرتے ہیں۔ یہ فری ریڈیکلز ایٹموں کے ایسے گروپ ہوتے ہیں جو جسم میں توڑ پھوڑ کرکے عمررسیدگی کا باعث بنتے ہیں اور یہی دل کی بیماریوں کا بھی موجب ہوتے ہیں۔وٹامن سی اور ای بھی فری ریڈیکلز کا خاتمہ کرتے ہیں اور جسم کے خلیوں کو توڑ پھوڑ سے بچاتے ہیں۔ چنانچہ ہمیں سبزیاں چھلکوں سمیت استعمال کرنی چاہئیں۔“