خبرنامہ

ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر صفائی ودیگر انتظامات میں دوسرے ہسپتالوں پر بازی لے گیا

چشتیاں۔25 اکتوبر(ملت + اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ میپ روڈپروگرام کے تحت ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاول نگر نے گزشتہ تین ماہ کے عرصہ میں صفائی اور دیگر انتظامات میں صوبہ بھر کے سرکاری شعبے کے ہسپتالوں میں پہلی پوزیشن اور ٹی ایچ کیو ہسپتال چشتیاں نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔یہ بات ڈی سی او بہاول نگر محمد اظہر حیات نے بتائی ہے انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ضلعی انتظامیہ کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے اور اس اعزاز کو برقرار رکھنے کے لیے مزید مسلسل محنت جاری وساری رکھیں گے ۔ ڈی سی اونے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے راؤنڈ دی کلاک کا م کررہے ہیں اورصحت کے شعبہ میں صوبائی پالیسی کی ہدایات پر عمل درآمد اور صحت کے اداروں کے دوروں اور مانٹرنگ،مسائل کی نشاندہی اور ان مسائل کے تدارک اورنتائج کی روشنی میں نئے اقدامات اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ڈی سی او محمد اظہر حیات نے کہا ہے کہ ضلعی عوام کو تمام شعبوں میں سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا یا جا رہا ہے۔