خبرنامہ

کارڈیالوجی میں 100بستروں پر مشتمل دنیا کی جدید ترین ایمرجنسی کا قیام

اسلام آباد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی)مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 100بستروں پر مشتمل دنیا کی جدید ترین ایمرجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، پاکستان کے کاروباری طبقے نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دنیا کی جدید ترین ایمرجنسی قائم کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 100بستروں پر مشتمل دنیا کی جدید ترین ایمرجنسی ہے اورجلد ہی اس ایمرجنسی میں مزید 100بستروں کا اضافہ ہوگااورمجموعی طورپریہ ایمرجنسی 200بستروں پر مشتمل ہوگی،انہوں نے کہا کہ 1980ء کی دہائی میں اس وقت کے پنجاب کے گورنر اور وزیراعلیٰ محمد نوازشریف نے لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کے قیام کا بیڑا اٹھایا۔سب کی شبانہ روز کی محنت سے اس ہسپتال کا قیام عمل میں آیا۔ ہسپتال کے اس وقت کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر شہریا ر اور دیگرڈاکٹروں کی کاوشوں سے یہ ادارہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنا، بدقسمتی سے ادارے میں سیاست بازی شروع ہوئی اور ادارہ کئی درجے نیچے چلا گیا،انہوں نے کہا کہ ہسپتالو ں کو علاج معالجے کیلئے آنیوالے مریضوں کی خدمت کا ذریعہ ہونا چاہیے۔پاکستان کے کاروباری طبقے نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دنیا کی جدید ترین ایمرجنسی قائم کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے اور پوری قوم ان کی سخاوت کی اس اعلی مثال کو تحسین کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ایمرجنسی میں جدید ترین اینجیو گرافی لیب بھی قائم کی گئی ہے اورایسی لیبز پاکستان بھرمیں بننی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 80کروڑ روپے کی لاگت سے ایم آر آئی،سی ٹی سکین اور اینجیو لیب فراہم کی ہے۔