خبرنامہ

کشمش کا پانی آپ کے جگر کو طاقتور بناسکتا ہے

جگر ہمارے جسم کے اہم ترین اعضاء میں سے ایک ہے جسے طبّی ماہرین انسانی جسم کا ’’ویئر ہاؤس‘‘ بھی کہتے ہیں اور اس اہم عضو کو آپ کشمش کے پانی سے مزید محفوظ بناسکتے ہیں۔

انسانی جسم میں ہر قسم کی دوا اور غذا کو درست طور پر ہضم کرنے اور جزوِ بدن بنانے والی تقریباً ساری رطوبتیں جگر ہی سے خارج ہوتی ہیں۔ البتہ جگر کا خیال نہ رکھنے کی صورت میں یہ بتدریج کمزور پڑتا چلا جاتا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ چھوٹی چھوٹی بیماریاں بھی ہم پر بڑی شدت سے حملہ آور ہوتی ہیں اور معمول کے مقابلے میں زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ جگر کے زیادہ کمزور یا بیمار ہوجانے پر خطرناک اور جان لیوا امراض بھی ہمیں مستقل گھیر سکتے ہیں۔

جگر کو تقویت پہنچانے اور مضبوط بنانے کےلیے روس میں صدیوں سے کشمش کا پانی استعمال کیا جارہا ہے جس سے اب تک کروڑوں لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔ یہ نہ صرف جگر کو فاسد مادوں سے پاک کرتا ہے بلکہ اس کی قدرتی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتا ہے جس کا اثر ہمارے پورے جسم پر پڑتا ہے۔

کشمش کا پانی تیار کرنے کا طریقہ بہت آسان ہے: سب سے پہلے آدھا کپ (تقریباً 170 گرام) کشمش لیں اور انہیں تقریباً اتنے ہی نیم گرم پانی میں ڈال کر 15 منٹ کےلیے چھوڑ دیں جس کے بعد انہیں سادہ پانی سے دھولیں۔

اب تھوڑا سا پانی لے کر اسے اچھی طرح اُبال کر ٹھنڈا ہونے دیں اور جب یہ ٹھنڈا ہوجائے تو اس کی صرف اتنی مقدار کشمش والے کپ میں ڈالیں کہ جس میں کشمش پوری طرح ڈوب جائے۔ اسے 24 گھنٹے کےلیے کسی چیز سے ڈھک کر یونہی چھوڑ دیں۔

اسے استعمال کرنے کے لیے اگلے روز یعنی 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد چھلنی کی مدد سے پانی اور کشمش کو الگ کردیں۔ آپ کو یہ پانی خالی پیٹ پینا ہے اور اسی کے ساتھ یہ کشمش بھی کھانی ہے۔ اگلے مرحلے میں سینکائی والی بوتل میں نیم گرم پانی لیں اور اسے اپنے پیٹ کی دائیں جانب ایک گھنٹے تک لگا کر رکھیں۔

آپ کو اس طریقے پر ہفتے میں صرف ایک بار اور صرف چار ہفتوں تک عمل کرنا ہے جب کہ اس پورے عمل کو آپ سال بھر میں دو مرتبہ دُہرا سکتے ہیں۔ پہلی بار آزمانے کے بعد ہی آپ اس کے مفید اور خوشگوار اثرات محسوس کریں گے۔ البتہ یہ دھیان رکھنا ضروری ہے کہ اس طریقے پر عمل کرتے دوران آپ کو چکنائی والی غذا سے حتی الامکان پرہیز کرنا ہوگا ورنہ اس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔