خبرنامہ

کولہوں اور کمر کے سائز میں آپ کی صحت کا رازدار

کولہوں اور کمر کے سائز میں آپ کی صحت کا رازدار

کراچی(ملت آن لائن)اگر آپ اپنی صحت کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو کمر اور کولہوں کے سائز میں تعلق اس حوالے سے آپ کو بہت کچھ بتاسکتا ہے؛ اور اس کےلیے آپ کو صرف ایک عدد پیمائشی ٹیپ کی ضرورت ہوگی۔

طبی اصطلاح میں کمر اور کولہوں کے پھیلاؤ میں نسبت کو مختصراً ’’ڈبلیو ایچ آر‘‘ (WHR) لکھا جاتا ہے جس کی مدد سے جسم میں چربی یعنی چکنائی کی تقسیم پر نظر رکھتے ہوئے صحت کی کیفیت کا فوری پتا چلایا جاسکتا ہے۔

ڈبلیو ایچ آر معلوم کرنے کےلیے سب سے پہلے بالکل سیدھے کھڑے ہوجائیے، سانس باہر نکالیے اور پیمائشی ٹیپ کی مدد سے باری باری کمر (پیٹ) اور کولہوں کا گھیر ناپ لیجیے۔ آسانی کےلیے اتنا جان لیجیے کہ اگر آپ کی کمر کا پھیلاؤ، کولہوں کے پھیلاؤ سے زیادہ ہے تو یہ خطرے کی پہلی اہم ترین علامت ہے۔

البتہ خطرے کی درست پیمائش کرنے کےلیے کچھ آسان اور عملی حساب کتاب بھی ضروری ہے۔ مثلاً فرض کیجیے کہ پیمائش کے بعد آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی کمر کا گھیر 40 انچ جبکہ کولہوں پر سے جسم کی چوڑائی 35 انچ ہے۔ اب کمر کی چوڑائی (40 انچ) کو کولہوں کی چوڑائی (35 انچ) پر تقسیم کردیجیے۔

جواب ملے گا 1.143 جس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی کمر کا گھیر، کولہوں کے گھیر سے 14.3 فیصد زیادہ ہے۔ یہ یقیناً پریشان کن بات ہے کیونکہ اس سے صرف یہی پتا نہیں چل رہا کہ آپ کی کمر (پیٹ سمیت)، آپ کے کولہوں سے زیادہ چوڑی ہے بلکہ یہ بھی واضح ہورہا ہے کہ آپ کے پیٹ میں اچھی خاصی چربی جمع ہوچکی ہے۔ یعنی آپ کو اس اضافی چربی سے چھٹکارا پانے کےلیے فوراً کچھ کرنا چاہیے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اگر ’’ڈبلیو ایچ آر‘‘ (کمر اور کولہوں کے پھیلاؤ میں تناسب) 1.0 سے زیادہ ہو تو یہ زائد وزنی (اوور ویٹ) اور موٹاپے کے علاوہ دل کی بیماریوں اور ذیابیطس (ٹائپ 2) کے خطرے کا واضح اشارہ ہوتا ہے۔

البتہ ڈبلیو ایچ آر کی قیمتیں خواتین و حضرات کےلیے الگ الگ حیثیت رکھتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق:

خواتین میں 0.80 یا اس سے کم ڈبلیو ایچ آر، ان کی صحت کےلیے کم تر خدشات کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر ڈبلیو ایچ آر کی قیمت 0.81 سے 0.85 تک کچھ ہو تو یہ خواتین کی صحت کےلیے درمیانے درجے کے خطرے کو ظاہر کرتی ہے۔ تاہم اگر یہ شرح 0.86 یا اس سے زیادہ ہو تو پھر خواتین کو اپنی صحت کے بارے میں سنجیدہ ہوجانا چاہیے کیونکہ یہ ان کےلیے شدید خطرے کی علامت ہے۔

ڈبلیو ایچ آر کی قیمتیں مردوں کےلیے قدرے مختلف ہیں: اگر کسی مرد میں ڈبلیو ایچ آر کی قیمت 0.95 یا اس سے کم ہو یہ صحت کےلیے کم خطرناک یا مناسب تصور کی جاتی ہے۔ البتہ 0.96 سے 1.0 تک ڈبلیو ایچ آر مردوں کی صحت کےلیے اوسط درجے کے خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم اگر یہ قیمت 1.0 سے بڑھ جائے تو پھر حضرات کو بھی اپنی صحت کی جانب سے تشویش میں مبتلا ہوجانا چاہیے کیونکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 1.0 یا اس سے زیادہ ڈبلیو ایچ آر مردانہ صحت کےلیے شدید خطرے کی علامت ہوتی ہے۔