خبرنامہ

کچی سبزیاں اور پھل ڈپریشن سے محفوظ رکھنے میں اہم ثابت ہوتے ہیں، ماہرین

ولنگٹن ۔(ملت آن لائن) نیوزی لینڈ کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ کچی سبزیوں اور پھلوں کا باقاعدہ استعمال ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یونیورسٹی آف ولنگٹن کے شعبہ صحت کے ماہرین نے18 سے 25 برس کے 400 بالغ افراد کوایک مطالعے میں شامل کیا کیونکہ اس عمر کے لوگ سبزیاں اور پھل کم کھاتے ہیں اور ان میں ڈپریشن کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ مطالعے میں شامل افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کرکے کچی اور پکی ہوئی سبزیاں اور پھل دیئے گئے۔ اس کے علاوہ ان کی طرزِ زندگی، نیند، ورزش، معاشی حالات اور جسمانی صحت کو بھی مدِ نظر رکھا گیا۔ان میں سے جن افراد نے کچے پھل اور سبزیاں براہِ راست استعمال کی تھیں ان کے موڈ میں بہتری اور ڈپریشن میں کمی جیسے عوامل دیکھے گئے جبکہ پکی ہوئی سبزیاں اور پھل کھانے والوں میں کوئی خاص تبدیلی نوٹ نہیں کی گئی۔تحقیق میں شریک ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گہری رنگت کے پتوں والی سبزیاں، گاجر، کھیرا، سیب، کیلا ، تازہ بیر اور ترش پھل زیادہ کھائیں یہ بدن میں جلن کم کرتے اور ذیابیطس سے بچاؤ فراہم کرتے ہیں۔