کھٹے میٹھے کینو قدرتی افادیت سے بھرپور
کراچی:(ملت آن لائن) موسمی پھلوں میں قدرت کی طرف سے بے شمار فوائد موجود ہوتے ہیں، جنہیں کھانا فرحت بخش بھی ہوتا ہے۔ کینو کا شمار بھی موسم سرما کے ایسے ہی پھلوں میں ہوتا ہے، جس کا جوس ہو یا پھانکیں، حتیٰ کہ چھلکا بھی صحت کے لیے بہت مفید و موثر ثابت ہوتا ہے۔ کینو میں قدرتی طور پر وافر مقدار میں وٹامن سی، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، وٹامن اے، تھائیمن، فاسفورس، فولیٹ اور پوٹاشیئم شامل ہوتا ہے جو انسان کو مختلف جراثیم اور کمزوریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ کینو نہ صرف معدہ، قلب، جلد اور نظام ہضم کی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے، بلکہ اس میں موجود وٹامن سی خون کو شریانوں کو سخت ہونے سے روکتا ہے جبکہ یہ بلڈ پریشر والے مریضوں کے لیے بھی بے حد موثر ہے۔ کینو آنکھوں کی بینائی تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اس میں موجود وٹامن اے اور پوٹاشیئم آنکھوں کی روشنی تیز کرتے ہیں اور آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ختم کرتے ہیں۔ کینو کھانے سے معدے میں تیزابیت، قبض اور نظام ہضم کی شکایات بھی دور ہوجاتی ہیں۔ کینو کا جوس ڈینگی کے مریضوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس سے جسم کی نقاہت دور ہوجاتی ہے۔ کینو جلد کو پرکشش بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے اور حسن برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ماہرینِ جلد کہتے ہیں کہ اگر کینو کے چھلکوں کو سکھانے کے بعد انہیں پیس کر اس میں دودھ اور شہد ملا کر پیسٹ کی صورت میں جلد پر لگایا جائے تو اس سے داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں۔