خبرنامہ

کیڑے کھانے کے فوائد

لندن (ملت مانیٹرنگ ڈیسک) انجلینا جولی اپنے بہترین کام سے تو مداحوں کو حیران کرتی رہتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے ایک ایسا کام کرکے دنیا کو ششدر کر دیا جس کی کوئی ان سے توقع نہیں کر سکتا تھا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی نے ’گڈ مارننگ امریکہ‘ پر انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اور ان کے بچے جھینگر ( Grasshopper)، مکڑی اور دیگر کیڑے مکوڑے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔انٹرویو میں انجیلینا کی گزشتہ دنوں کمبوڈیا کے دورے کے دوران بنائی گئی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ جھینگر اور مکڑیاں کھا رہی ہوتی ہیں اور بچوں کو انہیں پکانے کا طریقہ بھی سکھا رہی ہوتی ہیں۔

انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ ”میں نے پہلی بار کیڑے مکوڑے اس وقت کھائے تھے جب میں پہلی بار کمبوڈیا گئی تھی۔ میرے بچے جھینگروں کا ایک، ایک بیگ اس مزے کے ساتھ کھا جاتے ہیں جیسے وہ چپس کھا رہے ہوں۔“انجلینا نے انٹرویو میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ دنیا میں اس وقت 2ارب سے زائد لوگ اپنی باقاعدہ خوراک میں کیڑے مکوڑوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ان میں پروٹین، آئرن، فائبر، وٹامنز اور دیگر صحت بخش غذائی اجزاءوافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔“سائنسدان عرصہ قبل انجلینا کی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں اور وہ کئی سالوں سے لوگوں کو حشرات کھانے کی ترغیب دیتے آ رہے ہیں کیونکہ ان میں گوشت سے کہیں زیادہ پروٹین اور آئرن ہوتا ہے۔امریکن کیمیکل سوسائٹی کے سائنسدان تحقیق سے ثابت کر چکے ہیں کہ جھینگر اور مکڑی جیسے کیڑے بہترین غذائی اجزاءکا بیف سے بھی بڑا ذریعہ ہیں۔