لندن: (مانیٹرنگ ڈیسک) ہم جانتے ہیں کہ کیلیوریز سے بھرپور مرغن غذاؤں اور ورزش سے جی چرانا موٹاپے کو دعوت دیتا ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کے گھر میں موجود کم خرچ اشیا سے موٹاپے کو روکاجاسکتا ہے۔
سرخ مرچ: سرخ مرچ میں موجود مرکب کیپسیسن انسانی جسم کے اندر تھرموجنیسس کو سرگرم کرتا ہے۔ یہ جسم میں گرمی پیدا کرکے چربی کو پگھلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس لیے ماہرین کا مشورہ ہے کہ تازہ سرخ مرچوں کے ٹکڑے یا پھر پسی ہوئی سرخ مرچوں کو غذا میں ملاکر کھانے کی عادت بنائیں ۔
سبزیاں اور اناج: براؤن رائس، جو اور دلیہ پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے ۔ اس میں موجود ریشہ (فائبر) ہاضمے اور خوراک کو جسم میں جذب کرنے کا عمل تیز کرتا ہے۔
دوسری جانب سبزیوں میں غیر حل شدہ فائبر ہوتا ہے اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کی بنا پر جسم انہیں ہضم کرنے کے لیے ذیادہ توانائی خرچ کرتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس کے ساتھ سیب اور ناشپاتی ضرور کھائیں کیونکہ یہ پھل بھوک کی شدت کم کرتے ہیں۔
کالی مرچ: سیاہ مرچوں میں پایا جانے والا ایک مرکب پائپرائن کہلاتا ہے جو چربی کے خلیات کو تیزی سے توڑتا اور ختم کرتا ہے۔اس طرح سیاہ مرچ نہ صرف کھانوں کو مزیدار بناتی ہے بلکہ تھرمک افیکٹ کے زریعے زائد لحمیات کو تلف کرتی ہے۔
ادرک: ادرک میں بھی سرخ مرچوں والا مرکب کیپسیسن پایا جاتا ہے۔ یہ حرارت پیدا کرتی ہے لیکن تازہ اور کٹی ہوئی ادرک فوری فائدہ کرتی ہے۔دنیا بھر میں زیرِاستعمال ادرک کے فوائد مسلم ہیں کیونکہ یہ بھوک کے احساس کو کم کرتی ہے اور وزن بڑھنے نہیں دیتی۔ سالن اور دیگر کھانوں کے ساتھ ادرک ملاکر کھانے کے زبردست فوائد حاصل ہوتےہیں۔ باریک تراشوں کو کاٹی ہوئی ادرک کو دس منٹ پانی میں ابال کر اس کی چائے پینے سے بھی وزن گھٹانے اور چربی کم کرنے میں بہت فائدہ ہوتا ہے۔
لہسن: لہسن دل اور خون کے ہموار بہاؤ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں موجود کئی مرکبات جسم میں بھوری چکنائی کو کم کرتے ہیں جسے براؤن فیٹ کہا جاتا ہے۔
سرسوں: سرسوں کھاتے ہی جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور یہ ذائقے دار ہونے کے علاوہ تیزی سے لحمیات کو ختم کرکے جسم سے اضافی موٹاپے کو ختم کرنے میں معاون ہوتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ سرسوں کو کھانوں پر ڈریسنگ کے لیے ضرور استعمال کیا جائے۔
سبزچائے: وزن گھٹانے میں سبز چائے کی افادیت اب ثابت ہوچکی ہے ۔ یہ میٹابولزم کو بڑھا کر کیلوریز جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی آکسینڈنٹس، پولی فینولز اور کئی معدنیات جسم پر بہترین اثر ڈالتی ہیں۔ اگر سبز چائے کے ساتھ ورزش بھی کی جائے تو تیز اور فوری نتائج حاصل ہوسکتےہیں۔