کیا آپ خود کو ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے جان لیوا امراض سے بچانا چاہتے ہیں؟ تو اپنی روزمرہ کی مصروفیات میں بس ایک چیز کا اضافہ کرلیں۔
اور وہ چیز ہے دودھ یا اس سے بنی مصنوعات۔
یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
میک ماسٹر یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دودھ جسم کے لیے بہت فائدہ مند ہے اور اسے پینا یا اس سے بنی مصنوعات کا استعمال خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ کا خطرہ کم کرتا ہے۔
اس تحقیق میں 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے 35 سے 70 سال کی عمر کے 36 ہزار سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ یہ لوگ ایک دن میں دودھ یا اس سے بنی مصنوعات کا کتنا استعمال کرتے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دودھ کا استعمال خون کی شریانوں کے مسائل سے لاحق ہونے والی بیماریوں کا خطرہ کافی حد تک کم کردیتا ہے۔
اسی طرح زیادہ مقدار میں دودھ پینے کی عادت بھی امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم نمایاں حد تک کم کردیتی ہے، چاہے وہ دودھ چکنائی والا ہو یا بغیر چکنائی والا۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے دودھ کا استعمال اچھی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، جس کے لیے زیادہ خرچے کی ضرورت بھی نہیں۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں ہی یہ بات سامنے آئی تھی کہ پنیر کھانے کی عادت دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ گائے کا دودھ غذائی معیار کے لحاظ سے دیگر اقسام سے زیادہ بہتر ہوتا ہے اور اس کے ایک گلاس میں دیگر کے مقابلے میں 8 گنا زیادہ پروٹین ہوتا ہے، جبکہ فاسفورس، پوٹاشیم، وٹامن ڈی کے ساتھ ساتھ کیلوریز بھی بہت کم ہوتی ہیں۔