خبرنامہ

ہلدی حافظے کو حیرت انگیز حد تک بڑھانے میں معاون

ہلدی حافظے

ہلدی حافظے کو حیرت انگیز حد تک بڑھانے میں معاون

لاس اینجلس:(ملت آن لائن) ہلدی قدرت کا انمول تحفہ ہے اور اس کی ایک اور زبردست خاصیت دریافت ہوئی ہے کہ یہ یادداشت کو بہت قوت دیتی ہے اور ڈپریشن کو دور کرنے میں مددگارثابت ہوتی ہے۔
امریکن جرنل آف جیرائٹرک سائیکاٹری میں ہلدی سے متعلق شائع ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہلدی دماغ کے لیے انتہائی بہترین ہے جب کہ اس کے دیگر بہت سے فوائد ہیں ۔
ماہرین کے مطابق ہلدی یادداشت کو 30 فیصد تک بہتر کرتی ہے اور دماغ میں جمع ہونے والے مضر پروٹین کو کم کرکے ڈپریشن کو بھی دور کرتی ہے، ماہرین اس مضر پروٹین کو الزائیمر اور دیگر کئی امراض کی وجہ بھی بتاتے ہیں۔
ہلدی کو گہری پیلی رنگت دینے والا ایک جادوئی مرکب ، سرکیومن اس میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے، اس سے قبل یہ کولیسٹرول گھٹانے، سرطانی رسولیوں کو کم کرنے، بلڈ پریشر برقرار رکھنے ، اندرونی سوزش کم کرنے میں بہت مؤثر ثابت ہوا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس کے سائنس داں ڈاکٹر جیری اسمال اور ان کے ساتھیوں نے یہ تحقیق کی ہے کہ ہلدی کا اہم مرکب سرکیومن طویل عرصے تک دماغی صحت پر بہترین اثرات مرتب کرتا ہے۔علاوہ ازیں ہلدی امراضِ قلب اور جوڑوں کے درد میں بھی مفید ثابت ہوچکی ہے۔
سروے کے لیے ان ماہرین نے 50 سے 80 سال تک کے افراد کو شامل کیا اور انہیں روزانہ 90 ملی گرام سرکیومن دن میں دو مرتبہ دیا گیا جبکہ بقیہ افراد کو فرضی دوا (پلے سیبو) دی گئی، سرکیومن کو بدن میں جذب کرانے کے لیے ایک سپلیمنٹ تھیرا سیورمن بھی دیا گیا، سرکیومن انہیں 18 ماہ تک کھلائی گی۔
اس پورے عرصے میں ہر تین ماہ بعد ان کے تھائی رائیڈ، دل کی دھڑکن اور دیگر جسمانی افعال کا مکمل معائنہ کیا گیا، اس دوران 30 افراد کے دماغ اسکین بھی کیے گئے جس سے معلوم ہوا کہ ہلدی میں شامل جز سرکیومن دماغ کے اندر حیرت انگیز مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس کے بعد کئی ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ سرکیومن کا مسلسل استعمال ڈیڑھ سال میں یادداشت کو 28 فیصد تک بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوا۔
دریں اثنا ماہرین کے مطابق ہلدی جوڑوں کا درد دور کرنے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں انتہائی معاون ہے اور اس کا مسلسل استعمال ہڈیوں کے بھربھرے پن کے مرض ’اوسٹیو پوروسس‘ سے محفوظ رکھتا ہے۔