خبرنامہ

آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف احتجاج جاری،سڑکیں بلاک ،عوام پریشان نظامِ زندگی متاثر

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج اور آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر آج ملک کے بیشتر شہروں میں تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کردیئے گئے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس بھی صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے اگرچہ سڑکوں پر لوگوں اور ٹریفک کا رش کم ہے، تاہم پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے اور جگہ جگہ سڑکیں بلاک کیے جانے کی وجہ سے دفاتر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کے بڑے شہروں میں جن مقامات پر سڑکیں بند ہیں، اس کی تفصیلات ذیل میں دی جارہی ہیں۔

کراچی

کراچی میں 25 سے زائد مقامات پر سڑکیں بلاک ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ضلع شرقی میں ملیر اور اسٹار گیٹ کے مقام پر روڈ بلاک ہونے سے ایئرپورٹ جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے اور لوگوں کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے کے لیے یونیورسٹی روڈ استعمال کریں۔

لانڈھی 89، لانڈھی 5 نمبر، لانڈھی نمبر 6، کورنگی نمبر 5، کورنگی نمبر 3، کورنگی ڈھائی نمبر اور قیوم آباد فرنیچر مارکیٹ کے اطراف بھی سڑکیں بلاک کردی گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک متاثر ہے۔

ضلع جنوبی میں گارڈن، ٹاور، تین تلوار، رنچھوڑ لائن اور شو مارکیٹ کے علاقوں میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بلاک ہے۔

ضلع ویسٹ میں حب ریور روڈ بلدیہ، ماڑی پور روڈ اور تین ہٹی پر بھی سڑکیں بند اور ٹریفک بلاک ہے۔

ضلع وسطی میں ناظم آباد، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی، نیو کراچی نمبر 5 اور سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں بھی سڑکیں بلاک ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

لاہور

لاہور میں چیئرنگ کراس، مال روڈ، داتا دربار، شاہدرہ موڑ، جی ٹی روڈ، فیروز پور روڈپر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں فیض آباد انٹرچینج بلاک ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

دوسری جانب ڈھوک کالا خان، ترامڑی اور کرال چوک پر بھی سڑک بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہے۔

پشاور

پشاور میں پیر زکوڑی پل کے قریب رِنگ روڈ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی جزوی طور پر متاثر ہے۔

تاہم موٹروے پولیس کے مطابق پشاور موٹر وے ایم ون ٹریفک کے لیے کھلا ہوا ہے۔

موٹرویز

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق چند ایک مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور کی طرف جانے والا اور کامونکی سے راولپنڈی کی طرف جانے والا ٹریفک بحال ہے، تاہم کامونکی سے لاہور کی طرف جانے والا ٹریفک بلاک ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے (قومی شاہراہ) پر گجرخان اور راولپنڈی جانے والے ٹریفک کو متبادل راستہ دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہائی وے پر ٹیکسلا، سوہاوہ، دینہ، سرائےعالمگیر، گجرات، چن دا قلعہ، مرید کے، نتھے خالصا، کلمہ چوک، پکا میل، چونگ، مولن وال، لوہاراںوالہ کھو، سندر اور مراکہ کے مقامات پر بھی ٹریفک بلاک ہے۔