اسلام آباد:(ملت آن لائن) آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت پہنچا دیا گیا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔
29 اکتوبر کو لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا، جس کے بعد انہیں اسلام آباد لایا گیا اور منسٹر انکلیو میں موجود ان کی رہائش گاہ کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔
بعدازاں 31 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی اجلاس کی وجہ سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر اور بعدازاں 10 نومبر تک کی توسیع کردی تھی۔
آج راہداری ریمانڈ کے خاتمے پر شہباز شریف کو اسلام آباد سے لاہور لایا گیا اور انہیں احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
شہباز شریف کی آج احتساب عدالت میں چوتھی پیشی ہے، ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔