خبرنامہ

اسپیکرقومی اسمبلی نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق ریفرنس مسترد کردیا

اسلام آباد:(اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ریفرنس مسترد کردیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی آفس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق دائر ریفرنس کا تحریری جواب بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف جمع کرائے گئے ریفرنس میں ثبوت ناکافی ہیں اس لئے یہ قابل سماعت نہیں۔ اسسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف دائر ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے جب کہ تحریک انصاف کے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر ریفرنس سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس 30 روز کے اندر کسی بھی ریفرنس کو سماعت کے لئے منظور یا مسترد کرنے کا آئینی اختیار ہوتا ہے، اگر اسپیکر 30 روز کے اندر کسی ریفرنس کو منظور یا مسترد نہیں کرتا تو پھر وہ آئینی لحاظ سے الیکشن کمیشن کو منتقل ہو جاتا ہے۔