اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) الیکشن کمیشن کا نااہلی کیس میں عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری ، فنڈنگ کیس میں جواب جمع نہ ہونے پر پی ٹی آئی وکیل پر اظہار برہمی ، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھاکہ ڈیڑھ سال سے آپ کو سن رہے ہیں سولہ جنوری سے قبل جواب جمع کرائیں ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں کمیشن نے شہری ہاشم علی بھٹہ کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پہلے خارج کی گئی درخواست کی بحالی کے بعد سماعت کی ، مگر چیئرمین تحریک انصاف خود پیش ہوئے نہ ان کی طرف سے وکیل آیا جس پر کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ پی ٹی آئی کے خلاف اکبر ایس بابر کی پارٹی فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضانے تحریک انصاف کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی وجہ سے اس کیس میں کسی فیصلے تک نہیں پہنچ سکے ، ڈیڑھ سال سے آپ کی ہی سن رہے ہیں ، 16 جنوری سے قبل تحریری جواب دائر کریں درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 2 نومبر کے اسلام آباد احتجاج کے لئے لندن میں فنڈز اکٹھے کرنے کی مہم چلائی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ فنڈز اکٹھے کرنے سے متعلق جو دستاویز دکھا رہے ہیں یہ تو اشتہار ہے ۔ وکیل نے جواب دیا کہ پاکستان کے قانون کے مطابق پارٹی اس طرح بیرون ملک میں فنڈز اکٹھا نہیں کرسکتی ، تحریک انصاف الیکشن کمیشن کی ہدایات کے باوجود کوئی دستاویزات جمع نہیں کراتی ۔