لاہور: امجد پرویز اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وکیل مقرر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق امجد پرویز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وکیل مقرر ہوگئے ہیں، امجد پرویز نے کہا کہ شہباز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہباز شریف کو اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جاسکتا ہے۔
امجد پرویز نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے اسپیکر سے اجازت لی گئی یا نہیں، ریمانڈ کی درخواست دائر ہونے دیں دیکھتے ہیں نیب کیا الزامات لگاتا ہے۔
دوسری جانب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، قانون کے مطابق شہباز شریف کی 3 ماہ تک ضمانت نہیں ہوسکتی ہے، کسی ایمرجنسی کی صورت میں پہلے ضمانت دی جاسکتی ہے۔
بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نیب میں گرفتار شخص کی 90 دن تک ضمانت نہیں ہوسکتی ہے، دیکھتے ہیں نیب شہباز شریف پر عدالت میں کیسے الزامات لگاتا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں پیشی کے لیے آئے تھے اور انہیں آشیانہ کمپنی کیس میں کرپشن کے الزامات میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ ہاؤس اسکینڈل میں غیرقانونی ٹھیکے دینے پر عمل میں آئی ہے کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔