امریکا ‘ برطانیہ اوریورپی یونین نے پاکستان میں انتخابات کی شفافیت پر تشویش کا اظہارکردیا۔
یورپی یونین نے انتخابی بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مستقبل کی حکومت آئین کے مطابق انسانی حقوق کا احترام کرے‘.
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈکیمرون نے پاکستان میں انتخابی عمل کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملرنے انتخابات میں دھاندلی اور مداخلت کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہےکہ انتخابات میں اظہار رائے کی آزادی اور پرامن اجتماعات پر غیر ضروری پابندیاں لگائی گئیں‘.
امریکا بروقت اور مکمل نتائج کا منتظر ہے جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاسی کریں۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں کچھ سیاسی کرداروںکے انتخابات میں حصہ لینے کی نااہلی، اسمبلی کی آزادی پر پابندی، آن لائن اور آف لائن دونوں طرح کے اظہار رائے کی آزادی، انٹرنیٹ تک رسائی کی پابندیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں سمیت انتخابی عمل میں شدید مداخلت کے الزامات کی وجہ سے ایک برابری کا میدان نہ ہونے پر افسوس ہے۔