خبرنامہ

امریکا کی مالی مدد کا اعتراف لیکن ہمارا نقصان کہیں زیادہ، قریشی

امریکا کی مالی مدد کا اعتراف لیکن ہمارا نقصان کہیں زیادہ، قریشی
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا سے محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن ان کا ریکارڈ درست کرنا ضروری ہے، امریکا کو پاکستان کی قربانیوں کا پتہ ہے لیکن اعتراف نہیں کرتا، امریکی صدر کی جانب سے ایسی باتیں پہلی مرتبہ نہیں کی گئیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں اپنا وضاحتی بیان دیا، ہم نے اپنا موقف پیش کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمیں جانی اور مالی نقصان ہوا، دنیا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کاوشوں کی معترف ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون نہ کرتے تو امریکا کو مزید نقصان ہوتا۔

شاہ محمود قریشی نے دو ٹوک اور ٹھوس موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مفادات ہماری ترجیح ہیں، ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر پالیسی مرتب کی جائے گی، پچھلی حکومت میں ملک کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، وزیر خارجہ کے نہ ہونے سے جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلقات آگے بڑھانا دونوں ملکوں کی ضرورت ہے، دنیا پاکستان کی قربانیاں کا اعتراف کر رہی ہے، امریکا کی مالی امداد کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ہمارا جانی نقصان کہیں زیادہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی کی تلخیوں میں الجھنا امریکا اور پاکستان کے مفاد میں نہیں، ایک دوسرے کیساتھ مل کر آگے بڑھنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے، میری رائے میں ہمیں الجھنا نہیں بلکہ آگے بڑھنا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ داخلی سیاست کی وجہ سے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشکلات کا سامنا ہے۔