خبرنامہ

امریکہ کا پاکستان سے ایک بار پھردہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے نہ بنانے دے، پاکستان نے دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا،دہشتگردی کے خلاف مدد کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان ملک میں موجود دہشت گردوں کا پیچھا کرے ، نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر کی میڈیا کو بریفنگ
واشنگٹن(ملت+آئی این پی )امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ہفتہ کو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم پاکستان سے کہتے رہے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ پاکستان کو دہشت گردی سے بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے لہذا امریکہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ ملک میں موجوددہشت گردوں کا پیچھا کرے اور اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے نہ بنانے دے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر سے جب متحدہ بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کر دیا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا۔ دہشتگردی کے خطرے کے خلاف پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان پر دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی کیلئے زور دیتے رہے ہیں۔ پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ ملک میں موجود دہشت گردوں کا پیچھا کرے۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ بھارتی صحافی کے متحدہ بانی سے متعلق سوال پر نائب امریکی ترجمان کا کہنا تھا یہ سوال برطانوی حکومت سے پوچھا جائے۔