انقرہ (آئی این پی) امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کو ترکی میں بغاوت کا کوئی پیشگی علم نہیں تھا ، فوجی بغاوت کی کسی بھی صورت حمایت نہیں کریں گے، امریکہ ترکی میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہرممکن حمایت اور ضروریات پوری کرے گا،امریکہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن بدھ کو ایک روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے جہاں انھوں نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی جس میں ترکی اور امریکہ کے درمیان تعلقات سمیت دیگرا ہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہاکہ امریکہ کو ترکی میں بغاوت کا کوئی پیشگی علم نہیں تھا اور وہ فوجی بغاوت کی کسی بھی صورت حمایت نہیں کریں گے ۔انھوں نے کہاکہ امریکہ ترکی میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ترکی کی ہرممکن حمایت اور اسکی ضروریات پوری کرے گا۔نیٹو کا اتحادی ہونے کے ناطے امریکہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔جو بائیڈن گزشتہ مہینے کی ناکام بغاوت کے بعد سے ترکی کا دورہ کرنے والے امریکی حکومت کے سرکردہ ترین نمائندے ہیں۔ جو بائیڈن لیٹویا سے ترکی پہنچے ہیں اور ترک قائدین کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اپنی اگلی منزل سویڈن کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جوبائیڈن نے ترک صدر سے بھی ملاقات کی جس میں امریکا میں قیام پذیر مذہبی مبلغ فتح اللہ گولن کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ترکی گولن پر گزشتہ مہینے کی ناکام بغاوت کی منصوبہ سازی کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کر رہا ہے کہ گولن کو ترکی کے حوالے کیا جائے۔ امریکی نائب صدر کا دورہ ایک ایسے وقت پر عمل میں آ رہا ہے، جب ترکی اور شام کی سرحد پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے