لاہور(ملت+ آئی این پی )امریکہ کے معاون وزیر برائے بین الاقوامی انسداد منشیات و امور نفاذ قانون ،ولیم آر براؤن فیلڈ نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے پران کے ویژن کی زبردست انداز میں تعریف کی اور امریکی معاون وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی شہباز شریف نہ صرف ایک بہترین منتظم ہیں بلکہ ان کی قیادت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب میں پولیسنگ کے نظام کی بہتری کیلئے جوجدت اپنائی گئی ہے وہ لائق تحسین ہے اور پنجاب پولیس کو جدید فورس بنانے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اوران کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔امریکی معاون وزیر نے بتایا کہ میں گزشتہ ساڑھے پانچ برس کے دوران دنیا کے 90سے زائد پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرچکا ہوں لیکن پنجاب پولیس کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ یہاں اعلی معیار کا کام ہورہا ہے،خصوصاً پنجاب پولیس کا ہیڈ کوارٹر لاس اینجلس،شگاگواوردیگر ہیڈ کوارٹرزکی طرح کے معیار کا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جو زبردست اقدامات کئے گئے ہیں وہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہترین اورشاندار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں ان کی متحرک ٹیم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب پولیس کو نیا چہرہ دیا ہے اور یہ بہترین پولیس سروس کے معیار پر پورا اترتی ہے ۔