انتخابی اصلاحات قومی ایجنڈا، فواد چوہدری، حکومت نے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس بلالیا
حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق اپنی اتحادی جماعتوں ایم کیوایم پاکستان اور مسلم لیگ (ق)کے تحفظات دورکرنے کیلئے آج اہم اجلاس بلا لیا جبکہ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں‘ یہ قومی ایجنڈا ہے، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی اگر ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے۔ادھروفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اگلے ہفتے منظور کرالیا جائے گا،اپوزیشن کے پاس قوم کے لیے اور مہنگائی کو کم کرنے کے کوئی آپشن نہیں، پی ڈی ایم کو ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات ہیں، وہ کبھی ایک نہیں ہو سکتے۔ اتوار کوپشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ای وی ایم کو جگہ دینی ہوگی، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا مقصد بیرونی مداخلت کو روکنا ہے، اس سلسلے میں تمام لوگوں کو بریفنگ دی جارہی ہیں‘مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں‘ مولانا فضل الرحمان کی صورتحال واضح نہیں، وہ ʼرینٹ اے کراؤڈ (کرائے پر لوگوں کو لانے والے) بن چکے ہیں۔