خبرنامہ

انکم ٹیکس اور GST دینا ہوگا،باقی ٹیکس ختم، مشیر خزانہ

ہماری نیتیں خراب ہیں!

انکم ٹیکس اور GST دینا ہوگا،باقی ٹیکس ختم، مشیر خزانہ
مشیرامور خزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی کے علاوہ باقی ٹیکسوں کو آئندہ دو تین سال میں ختم کر دیا جائےگا، ہمارے پاس سب کے بلز، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، گاڑیوں کی مالیت، سفری معلومات، رہائش گاہوں سب کی تفصیلات ہیں اور اب ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کر کے آمدن کا تخمینہ لگائیں گے اور ٹیکس کا بل بھیجیں گے، ایف بی آر اورنادرا کا ڈیٹا ایک ہوگیا ہے، ہمارے پاس سب کے بلز، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، گاڑیوں کی مالیت، سفری معلومات، رہائش گاہوں سب کی تفصیلات ہیں ، اس طریقے سے آمدن کا 88 فیصد تک درست تخمینہ لگاسکتے ہیں، تاجروں کی زندگی سے ایف بی آر کو نکال دیا لیکن اس کا مقصد یہ نہیں کہ آپ ٹیکس نہ دیں،جبر نہیں التجا کریں گے کہ اگر آپ کے خیال میں درست ہے تو اتنا ٹیکس ادا کردیں ،نوجوانوں کی تعداد کار میں اضافے سے ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہو گا، کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمارا مقصد فلاحی مملکت کا قیام اور ملک کو شاندار معاشی مستقبل فراہم کرنا ہے جس کے لئے ہم سب کو ٹیکس دینا ہو گا، حکومت ٹیکس گزاروں اور کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی ، حکومت ٹیکس معاملات پر تاجروں کی مشکلات دور کرے گی اور ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں کامیاب نوجوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے نوجوانوں کو اپنا جانشین قرار دیا تھا لیکن بد قسمتی سے ماضی پر اس قیمتی اثاثے کو نظر انداز رکھا گیا لیکن اب وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ انہیں ہر وہ سہولت دی جائے جس سے نوجوان کامیاب ہو کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں اور یہی وجہ ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیا اور یہ پروگرام ثمر آور ثابت ہو رہا ہے،ا ب کامیاب کسان پروگرام شروع کر رہے ہیں، چار ملین گھرانوں کے 3 کروڑ افراد کو فصل اور مشینری کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بنایا جائیگا ، ڈیڑھ لاکھ فصل اور 2 لاکھ زرعی مشینری کے لئے فراہمی کافیصلہ کیاگیا ہے ، مشیر خزانہ نے کہا کہ تاجروں سے ملاقات میں ان پر واضح کردیا ہے کہ ٹیکس تو ہم سب کو دینا پڑے گا۔