خبرنامہ

ایرانی صدر کی وفات پر یوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی حادثے میں وفات پر سوگ کا اعلان کیا جس دوران قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی حادثے میں وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے اچھے دوست تھے، ابھی ایک ماہ قبل ہی ہمیں ان کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کی وفات پر پاکستان میں یوم سوگ ہوگا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری نے بھی ایرانی صدر، وزیرخارجہ اور دیگر کی وفات پر سوگواران سے تعزیت کی جب کہ صدر مملکت نے مسلم امہ کیلئے ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے، وہ فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت تمام مسلمانوں کا درد رکھتے تھے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے، گزشتہ ماہ ہمیں ابراہیم رئیسی کی پاکستان میں میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ایرانی صدر کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ مسلم امہ کیلئے بڑا نقصان ہے۔