ایف بی آر نے ہدف سے 16.6 فیصد زائد محصولات حاصل کرلیے
اسلام آباد: ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں 16.6 فیصد گروتھ کے ساتھ مقرر ہدف سے زائد کی خالص ٹیکس وصولیاں کرلی ہیں، ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کومجموعی طور پر49 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق ملک کو درپیش معاشی چیلنج کے باوجود ایف بی آر نے کامیابی سے جولائی 2023 کے ہدف سے زائد محصولات جمع کر لیے جو گذشتہ سال اسی مہینے میں جمع کیے جانے والے محصولات کے مقابلہ میں 16.6 فیصد زیادہ ہے۔ 49 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کرنے کے باوجود جولائی 2023ء میں 534 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 538 ارب روپے کے خالص محصولات جمع کیے گئے ہیں۔
رواں ماہ کے دوران جمع کیے جانے والے براہ راست ٹیکسوں میں 30 فیصد کا قابل قدر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گذشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں اس مہینے کے دوران ان لینڈ ریونیو ٹیکسز کی مد میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا، ایف بی آر کی ٹیم کو اُمید ہے کہ اس گروتھ پیٹرن کو باقی سال بھر کے دوران برقرار رکھا جائے گا۔