خبرنامہ

برطانیہ نے الطاف حسین کیخلاف ریفرنس میٹرو پولیٹن پولیس کو بھیج دیا

اسلام آباد: ( نیٹ نیوز) برطانوی ہوم آفس کے اعلیٰ اہلکار کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے والی صورتحال کی مذمت کی گئی ہے۔ مراسلے میں برطانوی ہوم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے ریفرنس کو میٹرو پولیٹن پولیس کو بھجوا دیا گیا ہے۔ برطانوی پولیس پاکستان کی جانب سے دیئے گئے شواہد کا نہایت توجہ سے تجزیہ کرے گی اور مزید شواہد کی ضرورت کی صورت میں پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ ہوم آفس کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ برطانیہ میں پولیس مکمل طور پر آزاد ہے اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہے۔ کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے والے واقعہ کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ کراچی میں 22 اگست کو متحدہ باننی کی متنازعہ تقریر کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد حکومت نے متحدہ بانی کے خلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجا تھا جس میں کراچی میں متحدہ بانی کے خلاف درج مقدمے کی کاپی، میڈیا ہاؤس پر حملے کی تصاویر اور متنازعہ تقریر کا متن بھی بھجوایا گیا تھا۔