کراچی (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آج نئے وزیراعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان متوقع ہے ، بلاول بھٹو کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد نئے وزیر اعلی کا باقائدہ اعلان کیا جائے گا ۔ سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو حتمی شکل دینے اور اسکے اعلان کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت آج کراچی میں بیٹھے گی ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج شام دبئی سے کراچی پہنچیں گے ۔ بلاول بھٹو نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہوا ہے جس میں تمام ممبران اسمبلی کو پابندی سے شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اجلاس میں نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو حتمی شکل دے کر باضابطہ اعلان کیا جائے گا ۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کی تقرری اور ووٹنگ کے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا ۔ ممکنہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی رابطے تیز کر دئے ہیں ۔ انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کے علاوہ ایم کیو ایم کے مرکز نائین زیرو جانے کا بھی شیڈول تیار کر لیا ہے ۔