خبرنامہ

بلاول کا سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ مکان بنا کر دینے کا اعلان

بلاول کا سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ مکان بنا کر دینے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ مکان بنا کر دینے کا اعلان کر دیا۔

لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد انقلابی اقدامات کریں گے، سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، ایسے مضبوط گھر بنا کر دیں گے جنہیں سیلاب سے نقصان نہیں پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو گھروں کے مالکانہ حقوں دلائیں گے، مالی مدد بھی کریں گے، 20 لاکھ گھر بنانے میں وقت لگے گا، جس کے گھر کا نقصان ہوا اس کو گھر اور مالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے صوبے سے ایک انقلاب شروع ہو رہا ہے، سیلاب سے ملک میں تاریخی نقصان ہوا، جس کے پاس مکان کے مالکانہ حقوق نہ ہوں وہ غیر یقینی صورتحال میں رہتا ہے، ہم نے اثاثہ دیا ہے اور اسے گھر کی خواتین کے نام کیا ہے، خواتیں کو معاشی طور پر مضبوط کرتے ہیں تو پورے خاندان کو مضبوط کرتے ہیں، زمین کی قیمت وقت کے ساتھ بڑھتی رہے گی۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھنے والوں کو اندازہ نہیں کہ عوام کتنی مشکل میں ہیں، قائد عوام نے سکھایا تھا کہ عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلاناہے، یہ سفر سندھ بھر میں شروع ہورہا ہے، 5 ہزار گھروں کے مالکانہ حقوق دیے جا رہے ہیں،  اس قسم کے منصوبے بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے عوام کو بھی دیں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دوسری جماعتیں سمجھتی ہیں کہ وہ امیر کو امیر بنائیں گے، جب امیر کو امیر تر بناتے ہیں تو وہ اپنا پیسہ بینک اکاؤنٹ میں ڈال کر بھول جاتا ہے، ہماری اور ان کی سوچ میں فرق یہ ہے پیپلز پارٹی عوام دوست منصوبے لاتی ہے، ہم ریاست کا اثاثہ حکومت سے لے کر عوام کو دلا رہے ہیں، عوام آدمی سے مل کر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں، دیگر جتنے لوگوں کا بھی حق ہے انہیں دلائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنی ہے