خبرنامہ

بلوچستان اور پختونخوا میں دہشت گردی، 3 فوجی، 2 پولیس اہلکار شہید

بلوچستان اور پختونخوا میں دہشت گردی، 3 فوجی، 2 پولیس اہلکار شہید

بلوچستان اور پختونخوا میں دہشتگردی، 3 فوجی،2 پولیس اہلکار شہید،کیچ میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان، کوئٹہ میں بم دھماکہ، 2پولیس اہلکاروں سمیت 6افراد زخمی،سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں دہشتگروں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران دہشت گروں کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے2اہلکار سپاہی رمضان ساکن ضلع سرگودھا اور لائنس نائیک اقبال ساکن صوابی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے ایک اور واقعہ میں دہشتگردوں کی جانب سے سولین آبادی کی آمد و رفت کے راستے میں لگائی گئی ایک آئی ای ڈی کو کلیئر کرتے ہوئے لکی مروت سے تعلق رکھنے والا سپاہی انعام اللہ شہید ہوگیا ۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز بزدل دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کے استحکام، ترقی اور امن کو خراب کر نے کے اعمال کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب باجوڑ کی تحصیل خار میں بم دھما کہ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے،ڈی پی اوعبدالصمد خان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ راغگان ڈیم کے قریب ہوا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، دھماکہ کے بعد پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

کوئٹہ کے علاقےنواکلی پہلا اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں، بچی اور تین خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ،قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل میں دھماکہ خیز مواد نصب کر کے نواں کلی پہلا اسٹاپ مدینہ مارکیٹ کے قریب کھڑی کر دی تھی اسی دوران ایگل اسکواڈ کے چار اہلکار معمول کا گشت کرتے ہو مارکیٹ کے قریب پہنچے تو بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔